شملہ: ہماچل پردیش میں کورونا بحران کے درمیان بے موسم ہوئی بارش نے کسانوں اور باغبانوں کو بھاری نقصان پہنچایا ہے۔ ریاست کے مختلف حصوں میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں تیز ہوا اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کے سبب سیب، گندم سمیت پھل دار پودوں کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔
ضلع شملہ سمیت ریاست کے دیگر سیب پیداواری علاقوں میں ژالہ باری سے سیب، فلاورنگ اور دیگر گٹھلی دار پھل جھڑ گئے ہیں۔ شملہ سے ملحق کفری اور ٹھیوگ کے علاوہ سرمور ضلع کے کئی علاقوں میں بھاری اولے گرے۔ اپرشملہ میں بھی کچھ جگہوں پر تیز ژالہ باری سے سیب کے علاوہ آڑو، ناشپاتی وغیرہ پھل دار پودوں کے پھول بھی زمین پرڈھیر ہو گئے۔