کانگریس کے سینئر رہنما اور خزانچی احمد پٹیل کا آج صبح 3.30 بجے انتقال ہو گیا۔ وہ کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد گذشتہ ایک ماہ سے اسپتال میں داخل تھے۔
یہ اطلاع احمد پٹیل کے بیٹے فیصل پٹیل نے ٹویٹر پیغام میں دی۔ انہوں نے ٹویٹر پیغام میں لکھا کہ ''25 نومبر کو صبح 3.30 بجے میرے والد احمد پٹیل کا انتقال ہو گیا، ایک ماہ قبل کورونا سے متاثر ہونے کے بعد ان کی صحت اچھی نہیں تھی، اللہ انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے۔''
اس کے قبل گرو گرام کے میدانتا اسپتال سے انکا ایک ویڈیو بھی سامنے آیا تھا جس میں وہ صحت عملہ کی نگرانی میں چلتے ہوئے دکھائی دے رہے تھے۔
واضح ہو کہ احمد پٹیل کا تعلق گجرات سے تھا اور وہ کانگریس کے تمام بڑے عہدوں پر فائز رہے۔ کانگریس کے خزانچی کے قبل وہ کانگریس کی عبوری صدر سونیا گاندھی کے سیاسی صلاحکار تھے۔ اس دوران انہوں نے کانگریس کو آگے بڑھانے میں اہم کام کیا۔