سعودی وزارت داخلہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ یہ فیصلہ کورونا وائرس کی صورت حال پر نظر رکھنے والی اعلیٰ سطح کی کمیٹی کی سفارشات پر کیا گیا ہے۔
سعودی شہریوں اور مملکت میں مقیم غیرملکیوں کے عمرے کو عارضی طور پر معطل کیا جارہا ہے اور جوں ہی حالت میں تبدیلی آتی ہے تو اس فیصلے پر نظرثانی کی جائے گی۔
سعودی وزارتِ صحت نے گزشتہ دنوں کرونا وائرس کے پہلے معاملے کی تصدیق کی تھی۔اس مہلک وائرس کا شکار ہونے والے سعودی شہری نے حال ہی میں ایران کا سفر کیا تھا اور بحرین کے راستے وہ ملک میں واپس آیے تھے۔ایران میں اس مہلک وائرس سے آج تک 92 افراد ہلاک ہوئے ہیں اور خطے بھر میں اس کے متاثرین کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے جبکہ چین میں اب اس وائرس کا زور ٹوٹ رہاہے۔
سعودی عرب نے گذشتہ روز بیرون ممالک سے عمرہ پرآنے والے زائرین کے مکہ مکرمہ میں داخلے پر عارضی پابندی عائد کردی تھی۔ سعودی وزارت خارجہ کے مطابق غیرملکیوں کا عمرے کے ویزے پر مملکت میں داخلہ عارضی طور پر معطل کیا گیا تھا۔ سعودی عرب میں کرونا وائرس سے متاثرہ ممالک کے شہریوں کے سیاحتی ویزے پر داخلے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔