روسی براہ راست سرمایہ کاری فنڈ (آر ڈی آئی ایف) کے سی ای او کریل دمتریف نے کہا کہ روس کووڈ۔19 ویکسین 'سپوتنک وی' کی تیاری کے لئے بھارت کے ساتھ شراکت کے لیے سوچ رہا ہے۔
گزشتہ چند روز قبل روسی صدر ولادیمیر پوتن نے اعلان کیا کہ ان کے ملک نے کورونا وائرس (کووڈ-19) کے خلاف دنیا کی پہلی ویکسین تیار کی ہے۔ جو کافی حد تک موثر کام کررہی ہے اور اس بیماری کا مقابلہ کررہی ہے۔
روسی ویکسین سپوتنک وی کو روسی براہ راست سرمایہ کاری فنڈ (آر ڈی آئی ایف) کے ساتھ ساتھ جمیلیا ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف ایپیڈیمیولوجی اینڈ مائکروبیولوجی نے تیار کیا ہے۔
روسی ویکسین کے سلسلے میں عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کا کہنا ہے کہ اس ویکسین کا تیسرا مرحلہ یعنی فیز 3 کے کلینیکل ٹرائلز میں تجربہ نہیں کیا گیا ہے۔
آن لائن پریس بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کریل دمتریف نے کہا کہ 'متعدد ممالک لاطینی امریکہ، ایشیاء اور مشرق وسطی نے بھی اس ویکسین کی تیاری اور اپنے یہاں درآمد سے متعلق دلچسپی دکھائی ہے'۔