اردو

urdu

By

Published : Nov 12, 2019, 10:11 AM IST

ETV Bharat / bharat

روبرو 2019: 'نکاح آسان کرو، جہیز ختم کرو' مہم

ریاست کرناٹک کے شہر بنگلور میں سیدہ زینب ایجوکیشنل فاؤنڈیشن کی جانب سے اجتماعی شادیوں کے لیے آئندہ 15،16 اور 17 نومبر کو سہ روزہ روبرو پروگرام برائے رشتہ نکاح کا انعقاد کیا جائے گا۔

نکاح آسان کرو، جہیز ختم کرو

مسلم سماج غربت و اقتصادی کمزوری کا شکار ہے اور دوسری جانب مسلم معاشرے میں شادیوں کے تعلق سے پھیلی بیشمار رسومات اور جہیز نے اسے کئی طرح کے مسائل سے دوچار کردیا ہے۔

ان حالات میں سیدہ زینب ایجوکیشنل فاؤنڈیشن کی جانب سے ہر سال کی طرح اس سال بھی شہر بنگلور میں 'روبرو 2019 شادیوں کا مفت ملاقات پروگرام' اگلے ہفتے منعقد ہونے جارہا ہے۔

پروگرام کی تفصیلات بتاتے ہوئے سیدہ زینب ایجوکیشنل فاؤنڈیشن کے صدر عتیق احمد نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ رواں برس کے روبرو پروگرام کا سلوگن 'نکاح آسان کرو اور جہیز ختم کرو' ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اگلے ہفتے بتاریخ 15،16 و 17 کو روبرو پروگرام کا حضرت قدوس صاحب عیدگاہ میں آغاز ہوگا جس میں ریاست کے سبھی اضلاع سے کم و بیش 25 ہزار والدین اپنے بچوں کے رشتوں کے لیے شرکت کریں گے۔

ویڈیو : نکاح آسان کرو، جہیز ختم کرو

عتیق احمد نے بتایا کہ 'روبرو پروگرام میں پڑوسی ریاستیں جیسے تمل ناڈو، تلنگانہ و آندھرا پردیش سے بھی لوگ اس میں شرکت کر رہے ہیں اور اس سے مستفید ہو رہے ہیں۔

عتیق احمد نے مزید بتایا کہ اس سال انہوں نے معروف ویب سائٹ www.shine.com کی مدد سے 2 لاکھ سے زیادہ لوگوں تک پہنچنے کی کوشش کی جائے گی۔

سیدہ زینب ایجوکیشنل فاؤنڈیشن کے سیکرٹری محمد اسماعیل نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ 'حضرت قدوس صاحب عیدگاہ (مسجد قادریہ) میں منعقد ہونے والے اس تین روزہ 'شادیوں کے لیے ملاقات پروگرام' کا نہ صرف ریاست کرناٹک بلکہ ملک بھر کی دیگر ریاستوں کی عوام کو بے چینی سے انتظار رہتا ہے اور وہ اس پروگرام میں پہنچ کر اس سے استفادہ کرتے ہیں'۔

محمد اسماعیل نے بتایا کہ 'کئی بار ایسا ہوتا ہے کہ رشتے ملاقات ہی کے دن طے ہوجاتے ہیں۔ ملاقات پروگرام میں اے سے ایف تک مختلف کیٹگریز ہیں جیسے اے کیٹگری ڈاکٹرز کے لئے، بی کاؤنٹر انجنیئرز کے لیے، سی کاؤنٹر میں گریجویٹز ، ڈی کاؤنٹر میں پی یو سی، ایس ایس ایل سی والے رہیں گے، ای کاؤنٹر میں کارپینٹر، پینٹر، فٹر، ٹرینر وغیرہ ہونگے اور ایف کاؤنٹر پر متعلقہ، بیوہ، نکاح ثانی والوں کے لیے ہوگا'۔

مزید پڑھیں : جامعہ رحمانی کے استاذالاساتذہ سے نصیحت آمیز گفتگو

اس خاص مہم کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ 'یہ صرف غریبوں کے لیے نہیں بلکہ مسلم معاشرے کے ہر طبقے کے فرد کے لیے ہے اور انہوں نے اپیل کی کہ اس موقع کا بھرپور فائدہ اٹھائیں اور اپنے و اپنے رشتہ داروں کے بچوں کی شادیوں کا آسانی کے ساتھ اہتمام کریں'۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details