راہل گاندھی نے بالاسور ضلع کے ریمونا میں خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مجوزہ قانون میں اس بات کا التزام ہوگا کہ قرض نہیں ادا کرنے والے کسانوں کو جیل نہیں بھیجا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ کیوں بینک کا قرض ادا نہیں کرنے والے کسانوں کو جیل بھیجا جانا چاہئے جبکہ نیرو مودی اور وجے مالیا جیسے بڑے کاروبارویں کو بینکوں کے کروڑ روپے غبن کرنے کے بعد بھی ملک چھوڑنے کی اجازت دے دی جاتی ہے جو غیرممالک میں عیش کی زندگی گزار رہے ہیں۔
کانگریس کے صدر نے کہاکہ اڑیسہ، چھتیس گڑھ اور راجستھان کے کسانوں کی مدد کرنے کیلئے الگ سے بجٹ پیش کیا جائے گا۔ پارلیمنٹ میں بجٹ پیش ہونے سے ایک دن پہلے کسان بجٹ پیش ہوگا۔
راہل گاندھی نے کہا کہ مجوزہ کسان بجٹ میں دھان کی کم از کم سہارا قیمت میں اضافہ، فوڈ پروسیسنگ یونٹوں کے قیام، زرعی پیداوار کو مارکٹ سے جوڑنا اور وہ تمام التزامات بھی کئے جائیں گے جن کا راست فائدہ کسانوں کو ہوگا۔
کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے دھان کی کم از کم سہارا قیمت کو 2600روپے فی کوئنٹل تک بڑھانے اور پانچ کروڑ غریب کنبوں میں سے ہر ایک کی ایک خاتون رکن کے اکاونٹ میں 6000روپے فی ماہ جمع کرکے ملک میں غریبی پر ’سرجیکل اسٹرائک‘ کرنے کا بھی وعدہ کیا تاکہ غریب لوگ اقتصادی طورپر مضبوط بن سکیں۔