گذشتہ دنوں نیپالی وزیراعظم نے ہند - نیپال سرحدی تنازعہ پر سخت مؤقف اپنایا تھا۔
تاہم ایک خوش آئند بات یہ ہے کہ انھوں نے اپنے حالیہ ٹوئٹ میں نیپال کا پرانا نقشہ استعمال کرکے ہند نیپال تعلقات میں بہتری لانے کا اشارہ دیا ہے۔
نیپال کے وزیر اعظم کے پی شرما اولی کا رویہ ہندوستان کی خفیہ ایجنسی ریسرچ اینڈ انیلیسیس ونگ (را) کے سربراہ سامنت کمار گوئل سے ملاقات کے بعد جہاں انھوں نے دسہرہ پوجا کی مبارک باد پیش کی ہے وہیں انھوں نے اپنے توئٹ میںنیپال کا پرانا نقشہ استعمال کیا ہے۔
گوئل نے بدھ کی رات اولی سے اپنی سرکاری رہائش گاہ پر تنہا ملاقات کی تھی۔
صرف یہی نہیں ہندوستانی آرمی چیف جنرل نروانے بھی آئندہ ماہ نیپال کا دورہ کرنے والے ہیں۔
نیپال کے وزیر اعظم کے پی شرما اولی سفارتی قوانین کو نظرانداز کرنے اور را کے چیف سامنت کمار گوئل سے ملاقات کرنے پر اپنی ہی پارٹی سمیت دیگر جماعتوں کے رہنماؤں کی تنقید کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔
حکمران جماعت نیشنل کمیونسٹ پارٹی (این سی پی) کے رہنما بھیم راول نے کہا کہ را کے سربراہ گوئل اور وزیر اعظم اولی کے درمیان ملاقات سفارتی قوانین کے منافی ہے۔