ریاست اتر پردیش کے ضلع رامپور میں ایک ایسا گاؤں ہے جہاں کئی دہائیوں سے ہندو مسلم مل جل کر رہتے آرہے ہیں لیکن پلوامہ حملے کے بعد چند شر پسند عناصر نے یہاں کے ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کی۔
ضلع رامپور میں واقع رتن پورا گاؤں میں پلوامہ حملے کے بعد 14 فروری کو چند شر پسند عناصر مسجد میں زبردستی گھس آئے ۔ انہوں نے مسجد کی قالین کو آگ لگا دی اور قران پاک کو بھی نذر آتش کرنے کی ناپاک کوشش کی۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اس کی شکایت پولیس میں کی گئی لیکن پولیس نے ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کی ہے۔
اس معاملے میں گاؤں کے سابق پردھان نے کہا کہ اس طرح کی مذموم حرکت گاؤں کے لوگ نہیں کر سکتے۔ اس گاؤں کے لوگ صدیوں سے اتحاد و اتفاق کے ساتھ رہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب وہ پردھان تھے اس وقت انہوں نے ہندوؤں کے لیے مندر کی تعمیر کروائی تھی اور ہندو مسلم ایکتا کا ثبوت دیا تھا۔ اس بات کا اعتراف خود مذکورہ مندر کی دیکھ بھال کرنے والے شخص نے کیا۔