وزارت ریل کی انڈین ریلوے کیٹرنگ اینڈ ٹورزم کارپوریشن (آئی آرسی ٹی سی ) کی طرف سے شروع ہونے والی رامائن ایکسپریس اس بار نئی خوبیوں کے ساتھ آ رہی ہے۔ دس کوچ والی اس ٹرین میں پانچ کوچ سلیپر زمرے کے اور پانچ کوچ اے سی -3 کے ہوں گے۔
سلیپر زمرے میں 360 اور اے سی -3 میں 330 سیٹیں دستیاب ہوں گی۔ یہ گاڑی دہلی صفدر جنگ ریلوے اسٹیشن سے شروع ہوگی اور غازی آباد، مرادآباد، بریلی اور لکھنؤ سے مسافر سوار ہو سکیں گے۔ 16 رات اور 17 دن کے اس ٹور میں ایودھیا میں شری رام بھومی، کنک بھون اور ہنومان گڑھی کے علاوہ نندی گرام میں بھرت مندر، سیتامڑھی میں سيتا ماتا کا مندر اور جنک پور میں جانکی مندر کے بھی درشن کرائے جائیں گے ۔