کانگریس کے سینئر رہنما راہل گاندھی نے اپنے ٹوئٹر اکاوئٹ پر ایک ویڈیو شیئر کیا ہے۔ اس کے کیپشن میں انھوں نے لکھا ہے کہ 'آئیے اسپیک اپ فار ڈیموکریسی مہم کے لیے متحد ہوں اور جمہوریت کے تحفظ کے لئے اپنی آواز بلند کریں'۔
راہل گاندھی کی پوسٹ کردہ ویڈیو میں ایک وائس اوور ہے، جس میں کانگریس پارٹی نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر آئین کو ختم کرنے، جمہوریت کو مسمار کرنے اور راجستھان میں جمہوریت کے قتل کا الزام عائد کیا ہے۔
اس ویڈیو میں بتایا گیا ہے کہ 'آج جب پوری قوم کورونا وائرس کے خلاف برسرپیکار ہے؛ اسے میں بی جے پی آئین کو توڑ رہی ہے اور ہماری جمہوریت کو مسمار کر رہی ہے'۔
'سنہ 2018 میں راجستھان کے لوگوں نے کانگریس حکومت کو منتخب کیا۔ اس کے باوجود بی جے پی جمہوری طور پر منتخب کانگریس حکومت کو گرانے کی سازش کررہی ہے۔ مدھیہ پردیش کے بعد اب بی جے پی راجستھان میں جمہوریت کے قتل کی کوشش کر رہی ہے'۔
اس میں مزید کہا گیا ہے کہ 'ہم بی جے پی سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ جمہوری طور پر منتخبہ حکومتوں کا تختہ پلٹنا بند کردیں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ وہ اپنے آئینی حقوق کے اندر فوری طور پر اسمبلی اجلاس بلائیں۔ اپنی آواز بلند کرنے اور جمہوریت کے تحفظ کے لئے اسپیک اپ فار ڈیموکریسی مہم میں شامل ہوں'۔
بتادیں کہ کانگریس رہنما راہل گاندھی نے جمعہ کے روز بی جے پی پر راجستھان میں کانگریس حکومت گرانے کی سازش کا الزام عائد کیا تھا۔
واضح رہے کہ سچن پائلٹ اور اشوک گہلوت کے مابین اختلافات کھل کر سامنے آنے کے بعد راجستھان سیاسی بحران میں ڈوب گیا۔ پائلٹ کو راجستھان کے نائب وزیر اعلی اور پارٹی کے ریاستی یونٹ کے سربراہ کی حیثیت سے ہٹا دیا گیا ہے۔