صدر جمہوریہ رامناتھ کووند نے بے شمار صلاحیتوں کے مالک معروف اداکار عرفان خان کے اچانک انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ کووند نے آج ٹوئٹ کرکے کہا کہ معروف اداکار عرفان خان کے اچانک انتقال سے گہرا دکھ ہوا ہے۔
وہ غیرمعمولی صلاحیتوں سے مالامال اداکار تھے۔ ان کے مختلف کرداروں کی چھاپ ہمیشہ ہمارے دلوں میں موجود رہے گی۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ان کا انتقال سنیما دنیا اور لا تعداد مداحوں کے لئے ناقابل تلافی نقصان ہے۔ ان کے کنبہ اور رشتہ داروں کے ساتھ میری تعزیت۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے معروف اداکار عرفان خان کے انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ غیر معمولی صلاحیتوں سے مالا مال اداکار تھے۔ انہوں نے اپنی اداکاری سے لوگوں کو خوب محظوظ کیا۔ بھارتی عوام ان کی اداکاری کو کبھی نہیں بھلا پائے گی۔
کانگریس پارٹی کے سینئر رہنما راہل گاندھی نے ٹوئٹ کرکے کہاکہ عرفان خان کے انتقال کی خبر سن کر دکھ ہوا۔ بے شمار صلاحیتوں کے مالک وہ عظیم اداکار عالمی فلمی اور ٹی وی دنیا میں نہایت مقبول ہندستانی برانڈ ایمبسڈر تھے۔ ان کو کبھی بھولا نہیں جاسکے گا۔ دکھ کی اس وقت میں ان کے گھر والوں، دوستوں اور فین کے ساتھ اپنی ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں۔
راجستھان کے وزیراعلی اشوک گہلوت نے عرفان خان کے انتقال پر سوشل میڈیا کے ذریعہ گہرا دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملک کے بہترین اداکاروں میں سے ایک تھے، ان کے انتقال سے انہیں دکھ پہنچا ہے۔انہوں نے ان کی روح کی تسکین کے لیے دعا کی۔