صدر رام ناتھ كووند کی دعوت پر مسٹر ٹرمپ اور ان کی اہلیہ دو دن کے بھارت دورہ پر 24 فروری کو سب سے پہلے احمد آباد پہنچیں گے اور 25 تاریخ کو ان کے سرکاری پروگرام نئی دہلی میں ہوں گے۔وزیر اعظم نریندر مودی احمد آباد میں مسٹر ٹرمپ کا استقبال کریں گے اور دونوں رہنما سردار ولبھ بھائی پٹیل بین الاقوامی ہوائی اڈے سے لے کر سابرمتی آشرم تک 10 کلومیٹر کے روڈ شو میں شامل ہوں گے۔ اس کے لئے ہوائی اڈے سے سابرمتی آشرم تک راستہ کو سجایا جا رہا ہے۔ سڑک کے دونوں جانب لاکھوں لوگ دنیا کی سب سے قدیم جمہوریت کے رہنما کا استقبال کریں گے۔
بعد میں دونوں رہنما نو تعمیر شدہ سردار پٹیل اسٹیڈیم میں ایک بہت بڑے جلسۂ عام ’ کیم چھو ٹرمپ‘ سے خطاب کریں گے۔ یہ اسٹیڈیم دنیا کا سب سے بڑا اسٹیڈیم ہے جس میں بیک وقت ایک لاکھ10 ہزار افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ ہوائی اڈے، روڈ شو اور اسٹیڈیم میں ملک کی مختلف النوع ثقافت کی جھانكياں بھی امریکی صدر کو متوجہ کریں گي۔ احمد آباد میں امریکی صدر کا مکمل پروگرام نمائشی رہے گا۔