سیاسی امور کے ماہر پرشانت کشور نے ایک ٹویٹ کے ذریعے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار پر شدید تنقید کی ہے، انہوں نے اپنے ٹویٹ میں لکھا ہے کہ 'بہار کی تقدیر بدلنے کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی نے 1.25 لاکھ کروڑ کے پیکیج کا اعلان کیا تھا، سنا ہے کہ بہار کو یہ پیکیج ملا ہے، تقدیر کی تبدیلی کو بھول جائیں، لوگ حیرت زدہ ہیں کہ کسی کو بھی اس کی خبر تک نہیں ہے، نتیش جی کم از کم اپنے قائد امت شاہ کے اس دعوے کی تصدیق تو کر دیجئے'۔
'کیا نتیش کمار امت شاہ کے دعوؤں کی تصدیق کریں گے' - پرشانت کشور کا ٹویٹ
سیاسی امور کے ماہر پرشانت کشور نے مرکز کے ذریعہ بہار کو 1.25 لاکھ کروڑ روپے کا خصوصی پیکیج دینے کےدعوے پر وزیر اعلی نتیش کمار اور وزیر داخلہ امت شاہ پر پر شدید نکتہ چینی ہے۔
واضح رہے کہ سنہ 2015 بہار اسمبلی انتخابات کے دوران وزیر اعظم مودی نے بہار کی تعمیر وترقی کے لیے 1.25 لاکھ کروڑ کے پیکیج کا وعدہ کیا تھا، اتوار کو منعقدہ ایک ورچوئل ریلی میں وزیر داخلہ امت شاہ نے اس پیکیج کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ پیکیج بہار کو موصول ہوچکا ہے۔
اسی کے ساتھ ہی امت شاہ کے اس اعلان کے بعد اپوزیشن مسلسل نتیش حکومت پر حملہ کر رہی ہے، حزب مخالف جماعتیں نتیش حکومت پر عوام سے جھوٹ بولنے کا الزام لگا رہی ہیں، ان کا کہنا ہے کہ بہار کو یہ رقم کب ملی؟ یہ نتیش کمار کو بتانا چاہیے، نتیش حکومت عوام سے جھوٹ بول رہی ہے۔