نیتاجی سبھاش چندر بوس کے 125ویں یوم پیدائش کے موقع پر وزیراعظم نریندر مودی 23 جنوری کو ریاست مغربی بنگال کے دورے پر آئیں گے، اس یک روزہ دورے کے دوران وزیراعظم مختلف تقریبات کا افتتاح بھی کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی نے 23 جنوری کو نیتاجی سبھاش چندر بوس کی سالگرہ کو پراکرم دیوس کے طور پر منانے کا اعلان کیا ہے، لیکن مغربی بنگال کی حکمراں جماعت ترنمول کانگریس سمیت لیفٹ فرنٹ اور اس کی سولہ حلیف جماعتیں و کانگریس نے نیتاجی سبھاش چندر بوس کے یوم پیدائش کے موقع پر پراکرم دیوس کے بجائے دیش پریم دیوس منانے کا مطالبہ کیا ہے۔
دوسری طرف فارورڈ بلاک (نیتاجی سبھاش چندر بوس کی اپنی سیاسی جماعت) نے آزاد ہند فوج کے بانی نیتاجی سبھاش چندر بوس کی سالگرہ (23 جنوری) کے دن کو قومی تعطیل کا اعلان کرنے کا مطالبہ کیا ہے، وہیں مغربی بنگال میں منعقد ہونے والے اسمبلی انتخابات سے قبل بی جے پی کے اعلیٰ رہنماؤں کے مغربی بنگال کے دورے پر آنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔