وزیر اعظم نریندر مودی نے 30 اگست کو 'من کی بات' پروگرام میں بہت سے اہم امور پر تبادلۂ خیال کیا، انہوں نے کھلونا صنعت کو فروغ دینے کی وکالت کی، دیسی نسل کے کتوں کو پالنے سے لے کر گمنام شہداء کو یاد رکھنے کی بات کہی، سوشل میڈیا پر خوب پسند کیے جانے والے پی ایم مودی کے اس پروگرام کو یوٹیوب کے دیکھنے والوں کی 'ناپسندیدگی' برداشت کرنی پڑ رہی ہے۔
خبر لکھے جانے کے وقت تک بی جے پی کے یوٹیوب چینل پر 3 لاکھ 96 ہزار سے زائد 'ڈس لائکس' اور تقریباً 52 ہزار 'لائکس' تھے۔
دوسری جانب پی ایم مودی کے آفیشل چینل پر من کی بات والی ویڈیو پر 94 ہزار 'ڈس لائکس' اور 35 ہزار 'لائکس' تھے۔
اگر کسی ویڈیو کو کثیر تعداد میں نا پسند کیا جا رہا ہے تو کمنٹ سیکشن میں جا کر کم و بیش اس بات کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ لوگوں کے منفی تاثرات کی کیا وجہ ہے؟۔
کمنٹ سیکشن میں زیادہ تر رد عمل امتحان اور طلباء کو لے کر ملے، ایک کمنٹ میں سندیپ نامی ایک یوٹیوب صارف نے لکھا 'یہ ناپسندیدگی ظاہر کرنے کے لیے کافی ہے کہ طلباء سے نہیں الجھتے'