یہ بل ٹیکسیشن اور دیگر قوانین (کچھ دفعات میں چھوٹ) آرڈی ننس۔2020کی جگہ پر لایا گیا ہے۔ کووڈ۔19 کے پیش نظر ٹیکسیشن اور ریٹرن وغیرہ سے متعلق کئی تاریخوں کو آگے بڑھانے کے لئے آرڈیننس کے ذریعہ کئے گئے التزامات کو اس بل میں شامل کیا گیا ہے۔ پی ایم کیئرس فنڈ میں دی جانے والی رقم کو انکم ٹیکس سے چھوٹ اور سی ایس آر سے متعلق چھوٹ کے ساتھ ہی انکم ٹیکس ریٹرن کی فیس لیس تشخیص کا بھی اس بل کے ذریعہ انتظام کیا جارہا ہے۔
بل پر ایوان میں ہوئی بحث کے دوران وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے کہاکہ پی ایم کیئرس فنڈ میں مکمل شفافیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایم کیئرس فنڈ اور وزیراعظم نیشنل ڈیزاسٹر فنڈ میں انتظامیہ اور رجسٹریشن کے علاوہ کوئی فرق نہیں ہے۔ وزیراعظم نیشنل ڈیزاسٹر فنڈ میں صرف ایک پارٹی کے صدر کو مستقل رکن بنانے کا التزام کیا گیا ہے جبکہ پی ایم کیئرس فنڈ میں تمام اراکین ایکس آفشیو ہیں۔ وزیراعظم نیشنل ڈیزاسٹر فنڈ کا 1948 سے آج تک رجسٹریشن نہیں ہوا ہے جبکہ پی ایم کیئرس فنڈ مکمل طورپر شفاف ہے۔