پاکستان کرکٹ ٹیم کے تیز گیند باز حسن علی اور میوات کے چندینی گاؤں سے تعلق رکھنے والی شامیہ آرزو کی شادی کی خبریں سرخیوں میں ہیں، شامیہ آرزو ایئر امارات میں فلائٹ انجینئر ہیں، دونوں کی شادی 20 اگست کو ہونی طے ہوئی ہے۔
ای ٹی وی بھارت کے نمائندے نے جب چندینی گاؤں جاکر معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی تو پتہ چلا کہ شادی کی تقریب دبئی کے ایٹلانٹس پام زبیرا پارک ہوٹل میں منعقد ہوگی۔
شامیہ کے والد لیاقت علی ہریانہ میں بی ڈی پی او رہ چکے ہیں، میڈیا رپورٹ کے مطابق شامیہ کے والد لیاقت علی اس تقریب میں شرکت کے لیے 17 اگست کو دبئی کے لیے روانہ ہو جائیں گے۔ ان کے ساتھ بھائی اکبرعلی، بھابھی رئیسہ، بہنوئی الطاف، بہن بلقیس ،انیس احمد ،ممتاز قیصر سمیت کئی افراد شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے دبئی جارہے ہیں۔
ایک اور پاکستانی کرکٹر اور بھارتی دوشیزہ شامیہ کے گھر والوں کا کہنا ہے کہ ابھی آفشیلی کچھ بھی کہنے کا موقع نہیں آیا ہے۔
چندینی رہائشی رئیس عالم نے بتایا کہ سامیہ تعلیم میں ہمیشہ سے ذہین تھیں اور انہوں نے مانَو رچنا یونیورسٹی سے بی ٹیک (ایرونٹیکل)کی ڈگری حاصل کی اور فی الوقت ائیر امارات میں فلائٹ انجنیئر کے عہدے پر فائز ہیں۔
واضح رہے کہ شامیہ کے والد لیاقت علی کے دادا پاکستان ریلوے بورڈ کے چیئرمین رہ چکے ہیں، سردار طفیل عرف خان بہادر دونوں سگے بھائی تھے۔ لیاقت علی کا خاندان پاکستان کے قصور ضلع میں آباد تھے۔ گاؤں کے پنچایت ممبر حسین احمد نے بتایا کہ حسن علی کے آباواجداد بھی میوات کے الور ضلع کے بیجوا گاؤں سے تعلق رکھتے تھے'۔
واضح رہے کہ حال ہی میں یہ دوسری شادی ہوگی جو کوئی پاکستانی کھلاڑی نے بھارتی دوشیزہ کو اپنا شریک حیات بنانے کا فیصلہ کیا ہے، اس سے قبل شعیب ملک نے بھی بھارت کی معروف ٹینس کھلاڑی ثانیہ مرزا سے شادی کی ہے جبکہ پاکستان کے دو عظیم بلے باز ظہیر عباس اور محسن حسن خان نے بھی بھارتی خواتین سے شادی کی ہے۔