کراچی سے راولپنڈی جانے والی تیز گام ایکسپریس میں پنجاب کے شہر لیاقت پور کے قریب گیس سلنڈر پھٹنے سے آگ لگ گئی جس میں 73 افراد ہلاک جبکہ 40 سے زائد زخمی ہوگئے۔
آگ اتنی شدید تھی کہ دوسری بوگیوں کو بھی اپنی زد میں لے لیا، حالانکہ ریسکیو حکام نے ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
حادثہ رحیم یار خان کی تحصیل لیاقت پور میں پیش آیا جس کے فوراً بعد زخمیوں کو مقامی افراد کی مدد سے قریبی شیخ زید ہسپتال اور بہاولپور وکٹوریہ ہسپتال اور ملتان کے اٹالین برن یونٹ منتقل کیا گیا جبکہ ضلع کے دیگر ہسپتالز میں بھی ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
ڈی سی رحیم یار خان کے مطابق تیز گام ایکسپریس کی بوگیوں میں لگنے والی آگ کو ریسکیو 1122 کی 10 گاڑیوں کی مدد سے بجھا دیا گیا۔
حکام کا کہنا تھا کہ آگ ٹرین کی بوگی نمبر تین میں موجود سلنڈر پھٹنے سے لگی جس نے تیزی سے مزید تین بوگیوں کو اپنی زد میں لے لیا۔
حکام کا یہ بھی کہنا تھا کہ متاثرہ بوگی میں سوار مسافر رائیونڈ اجتماع میں شرکت کے لیے جارہے تھے اور یہ بوگی خصوصی طور پر بک کروائی گئی تھی۔