اترپردیش کے لکھیم پور کھیری میں ایک نابالغ لڑکی کے ساتھ اجتماعی زیادتی پر یوگی حکومت کے خلاف تنقید کرتے ہوئے اپوزیشن رہنماؤں نے کہا کہ 'موجودہ حکومت کے تحت لڑکیوں اور خواتین کو ہراساں کرنا عروج پر ہے'۔
اپوزیشن رہنماؤں نے لکھیم پور کھیری معاملے پر یوگی آدتیہ ناتھ حکومت پر شدید تنقید کی۔ ان رہنماؤں نے کہا کہ 'ضلع میں 13 سالہ بچی کے ساتھ اجتماعی زیادتی کے بعد ریاست میں امن وامان کی صورتحال خراب ہوتی جارہی ہے'۔
سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے سربراہ اکھلیش یادو نے اتوار کو ٹویٹ کیا ہے کہ 'یوپی کے لکھیم پور کھیری میں نابالغ لڑکی کے ساتھ زیادتی کے بعد بہیمانہ قتل انسانیت کے لئے چونکا دینے والا واقعہ ہے۔ بی جے پی کے دور حکومت میں اترپردیش کی لڑکیوں اور خواتین کو ہراساں کرنے کا عمل اپنے عروج پر ہے'۔
انہوں نے سوال کیا ہے کہ بی جے پی حکومت زیادتی، اغوا، جرم اور قتل کی وارداتوں میں ملزموں کا تحفظ کیوں فراہم کر رہی ہے؟'۔
دریں اثنا بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کے قومی ترجمان سدھندرا بھڈوریا نے کہا کہ ریاست میں امن وامان کی صورتحال ابتر ہوتی جارہی ہے اور انہوں نے دعویٰ کیا کہ ریاستی حکومت جرائم پر قابو پانے میں ناکام رہی ہے۔