ریاست اترپردیش کے شہر رامپور میں قائم ملک کی معروف دینی درسگاہ اور مسلم لڑکیوں کی دینی تعلیم کا اہم مرکز جامعۃ الصالحات رامپور نے ای ٹی وی بھارت پر خبر دکھائے جانے کے بعد اپنی طالبات کے لئے آن لائن تعلیم کی شروعات کی ہے۔ 8 اگست کو ای ٹی وی بھارت نے جامعۃ الصالحات سے متعلق خبر دکھائی تھی جس کے بعد 10 اگست سے جامعۃ الصالحات نے طالبان کے لئے آن تعلیم آغاز کر دیا۔
کورونا جیسی مہاماری کے دور میں تعلیمی سلسلہ کو برقرار رکھنے کے لئے آن لائن تعلیم ہی واحد ذریعہ تعلیم ثابت ہو رہا ہے۔ جس کو تمام تعلیمی ادارے طرز تعلیم کے طور پر اختیار کر رہے ہیں اور سوشل ڈسٹینسنگ کو قائم رکھنے کے لئے آن لائن تعلیم کو بہتر متبادل کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ جب ملک میں کورونا وائرس نے دستک دی تو لاک ڈاؤن شروع ہوتے ہی اکثر و بیشتر تعلیمی اداروں نے آن لائن درس و تدریس کا سلسلہ شروع کر دیا تھا، لیکن ملک میں پھیلے بڑے پیمانے پر قائم اکثر دینی مدارس آن لائن درس و تدریس کو لیکر ابھی تک کوئی خاطر خواہ پروگرام نہیں بنا سکے ہیں، جس سے دینی حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کے سامنے کئی مسائل پیدا ہوتے جا رہے ہیں۔