نیشنل کانفرنس کے نائب صدر و سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے حکومت پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ جموں و کشمیر میں موبائل انٹرنیٹ کی سست رفتاری کے چلتے اس یونین ٹریٹری کے لیے 'آئو جموں و کشمیر میں سرمایہ کاری کریں، ہمارے پاس ملک میں سب سے سست انٹرنیٹ ہے' کا نعرہ موزوں ہوگا۔
انہوں نے اتوار کی صبح جموں و کشمیر میں انٹرنیٹ کی رفتار سے متعلق ایک چارٹ، جس میں جموں و کشمیر کو سب سے آخر پر دکھایا گیا ہے، کو شیئر کرتے ہوئے لکھا 'مجھے اس چارٹ میں جموں و کشمیر نظر ہی نہیں آیا تھا کیونکہ اوسطا موبائل انٹرنیٹ رفتار اتنی کم ہے کہ چارٹ کی نچلی ترین سطح پر اپنی جگہ بنا پائی ہے، اس سے ایک عظیم اشتہاری نعرہ بن سکتا ہے آؤ جموں و کشمیر میں سرمایہ کاری کریں، ہمارے پاس ملک میں سب سے سست انٹرنیٹ ہے'۔
صحافی وجدان محمد کاووسہ کا یہ چارٹ انٹرنیٹ رفتار کو ناپنے والے ادارے 'اوکلا' کے شائع کردہ اعداد و شمار کے تجزیے پر مبنی ہے۔ انہوں نے جموں و کشمیر کی موبائل انٹرنیٹ رفتار کا موازنہ ملک کی دوسری ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی موبائل انٹرنیت رفتار سے کیا ہے۔