اردو

urdu

ETV Bharat / bharat

پسماندہ طبقات کو 27 فیصد ریزرویشن دینے کی تجویز کو منظوری - سرکاری ملازمتوں میں اوبی سی کو ریزرویشن

مدھیہ پردیش اسمبلی میں بروز منگل پسمانہ طبقات (او بی سی) زمرے میں آنے والوں کو سرکاری نوکری میں 27 فیصد ریزرویشن دئے جانے کی تجویز کو اتفاق رائے سے منظور کر لیا گیا۔

او بی سی ریزرویشن بل 27فیصد سے متعلق منظور

By

Published : Jul 24, 2019, 2:17 AM IST

مدھیہ پردیش میں سرکاری ملازمتوں میں پسمانہ طبقات کو ریزرویشن کا التزام 14 فیصد سے بڑھاکر 27 فیصد کو اسمبلی میں اتفاق رائے سے منظور کر لیا گیا ہے۔

ریاست کی عمومی انتظامیہ کے وزیر ڈاکٹر گووند سنگھ نے ملازمتوں میں او بی سی کو دئے جا رہے 14 فیصد ریزرویشن کو بڑھا کر 27 فیصد کئے جانے کا مدھیہ پردیش سول سروس (ایس سی، ایس ٹی اور او بی سی کا ریزرویشن) ترمیمی بل پیش کیا۔ اس ترمیمی بل کو اتفاق رائے سے منظور کر لیا گیا۔

ڈاکٹر گووند سنگھ نے بل کو پیش کرتے ہوئے کہا کہ او بی سی کے ریزرویشن کو بڑھا کر 14 سے 27 فیصد کر دیا گیا ہے، اس طرح ریاست میں مختلف ذاتوں کو دئے جانے والا ریزرویشن 70 فیصد سے تجاوز کر گیا ہے۔ انہوں نے کہا ایسی اور بھی ریاستیں ہیں جہاں ملازمتوں میں 50 فیصد سے زیادہ ریزرویشن دیا جا رہا ہے۔

ڈاکٹر سنگھ نے حزب اختلاف کے رہنما گوپال بھارگو کے بیان کے تعلق سے کہا کہ ریاستی حکومت سرکاری ملازمتوں میں خالی جگہوں کو جلد پُر کرے گی۔

اس کے علاوہ کارپوریشن بورڈوں میں بھی خالی عہدوں کو پُر کیا جائے گا اور اگر ضرورت ہوئی تو اس کے مطابق بجٹ کا التزام بھی کیا جائے گا۔ ان جگہوں کو پُر کرنے میں مستحق لوگوں کو ریزرویشن کا فائدہ ملے گا۔

وزیر کے جواب کے بعد متعلقہ بل اتفاق رائے سے منظور کر لیا گیا۔ بل کے مقصد میں کہا گیا ہے کہ دیگر پسماندہ طبقہ کی ریاست میں مجموعی آبادی تقریباً 27فیصد ہے۔

یہ طبقہ سماجی اور اقتصادی طورپر پسماندہ ہے۔ بل میں ان طبقات کو عوامی خدمات اور عہدوں میں خالی جگہوں کو پُر کرنے کے لیے ریزرویشن 14فیصد سے بڑھاکر 27فیصد کرنے کا التزام کیا گیا ہے۔

بحث میں شامل ہوتے ہوئے حزب اختلاف کے رہنما بھارگو نے کہا کہ حکومت اس طرح کا ریزرویشن بڑھا رہی ہے، لیکن ملازمت کے مواقع دستیاب نہیں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کو نجی کمپنیز میں بھی ریزرویشن پر اپنا موقف واضح کرنا چاہئے۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details