وزیر اعظم کے دفتر کے مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے میڈیا میں آنے والی ان اطلاعات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ملازمین کی سبکدوشی کی عمر میں کوئی کمی نہیں کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ مرکزی حکومت کے ملازمین 60 سال کے بعد سبکدوش ہوتے تھے اور کہا گیا تھا کہ مرکزی حکومت نے نوکری 60 سال سے گھٹا کر 50 سال کر دی ہے۔
ان خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا 'سبکدوشی کی عمر کو کم کرنے کے لئے ایسا کوئی اقدام نہیں کیا گیا ہے اور نہ ہی اس طرح کی تجویز پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے'۔
مرکزی حکومت کے ملازمین کی ریٹائرمنٹ میں کمی نہیں کی جائے گی سنگھ نے کہا 'کچھ ایسے عناصر متحرک ہیں جو پچھلے کچھ دنوں سے میڈیا کے ایک حصے میں بار بار اس طرح کی خبریں پھیلا رہے ہیں اور اس کا ذمہ دار سرکاری ذرائع یا محکمہ پرسنل اینڈ ٹریننگ (ڈی او پی ٹی) کو ٹھہرا رہے ہیں'۔
سنگھ نے کہا 'یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ موجودہ وقت میں ملک کورونا وائرس کے بحران سے گذر رہا ہے، کچھ خاص عناصر اور مفاد پرست لوگ موجود ہیں جو حکومت کی طرف سے میڈیا میں اس طرح کی کہانیاں چلا کر تمام اچھے کاموں کو زیر کرنے کی کوشش کرتے ہیں'۔
سنگھ نے کہا 'پچھلے ہفتے ایسی ہی ایک جعلی خبر موصول ہوئی تھی کہ حکومت نے پینشن میں 30 فیصد کمی کرنے اور 80 سال سے زیادہ عمر والوں کے لئے پنشن بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے'۔
"انہوں نے کہا ' لیکن سچ یہ ہے کہ 31 مارچ تک ایک بھی پینشنر ایسا نہیں ہے جس کے کھاتے میں پیسے نہ پہنچے ہوں'۔