اقلیتی امور کے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے کہا کہ کورونا مدت ’خدمت، تحمل اور عزم‘ کے حوالے سے بھارت کے لئے ایک مثبت وقت ثابت ہوا ہے جو پوری دنیا کی انسانیت کے لئے مثال بن گیا ہے۔
کورونا مدت خدمت، تحمل اور عزم کے حوالے سے بھارت کے لئے ایک مثبت وقت - mokhtar abbas naqvi
مختار عباس نقوی نے وزارت اقلیتی امور کے قومی اقلیتی ترقیات و مالیات کارپوریشن کے ذریعہ نئی دہلی کے ہولی فیملی اسپتال کو دی گئی تمام طبی سہولیات سے آراستہ جدید ترین موبائل کلینک کو ہری جھنڈی دکھانے کے دوران حکومت کے عزائم کا اظہار کیا۔
مختار عباس نقوی نے پیر کو یہاں وزارت اقلیتی امور کے قومی اقلیتی ترقیات و مالیات کارپوریشن (این ایم ڈی ایف سی) کے ذریعہ نئی دہلی کے ہولی فیملی اسپتال کو دی گئی تمام طبی سہولیات سے آراستہ، جدید ترین موبائل کلینک کو ہری جھنڈی دکھانے کے موقع پر کہا کہ کورونا دور میں لوگوں کی زندگی میں تبدیلی، ورک کلچر میں تبدیلی اور ملک و سماج کی جانب سے ذمہ داری کے تئیں نئی توانائی پیدا ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس بحران کے دور میں لوگوں کے مثبت عزائم اور مودی حکومت کی مضبوط قوت ارادی کا ہی نتیجہ رہا ہے کہ بھارت صحت کے شعبہ میں خود کفیل ہونے کے پائیدان پر تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ بھارت این 95 ماسک، پی پی ای کٹ، وینٹیلیٹر اور صحت سے متعلق دیگر اشیاء کی تیاری میں دوسرے ممالک کی مدد کی۔ آج ڈیڈیکیٹیڈ کورونا اسپتالوں کی تعداد 1054 ہوگئی ہے۔