اس کے تحت لازمی ادارہ جاتی کوارنٹائن سے چھوٹ کے لیے سفر شروع کرنے سے قبل ہی آن لائن درخواست کرنا ہوگا۔
صحت اور خاندانی فلاح و بہبود کی وزارت نے بتایا کہ نئی ہدایات 08 اگست سے نافذالعمل ہوں گی۔
اس کے تحت محض کچھ ہی کٹیگری کے مسافروں کو لازمی طور پر ادارہ جاتی کوارنٹائن سے چھوٹ دی جائے گی۔
جس کے لیے مسافروں کو سفر شروع کرنے سے کم از کم 72 گھنٹے قبل آن لائن پورٹل پر درخواست کرنا ہوگا۔
محض حاملہ خواتین، سنگین طور پر بیمار افراد اور 10 سال یا اس سے کم عمر کے بچوں کے والدین اور جن کے خاندان میں سے کسی کی موت ہو گئی ہو انہی کو اس سے چھوٹ ملے گی۔
دیگر مسافروں کو سات دن تک ادارہ جاتی قرنطین میں لازمی طور پر رہنا ہوگا۔
علاوہ ازیں اگر کوئی مسافر، پرواز سے 96 گھنٹے قبل کووِڈ۔19 کا ٹیسٹ کرواتا ہے اور اس کی رپورٹ نیگیٹیو آتی ہے تو اسے بھی ادارہ جاتی قرنطین سے رخصت مل جائے گی۔ اسے گھر پر ہی 14دن تک آئیسولیشن میں رہنا ہوگا۔
نئے رہنما خطوط میں کہا گیا ہے کہ کوارنٹائن سے بچنے کے لیے آن لائن درخواست کے بعد حکومت کا جو بھی فیصلہ ہوگا وہ آخری ہوگا اور بعد میں اس میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔
فی الحال جاری انتظام کے تحت ہندوستان آنے کے بعد داخلے کی جگہ مسافر کوارنٹائن سے چھوٹ کے لیے درخواست کرتے تھے۔ اس میں کافی وقت لگتا تھا اور ایئرپورٹ کے ایگزٹ گیٹ پر لمبی قطاریں لگ جاتی تھیں۔
وزارت نے بتایا کہ پرواز کے وقت سے کم از کم 72 گھنٹے قبل ہی سیلف ڈکلیریشن فارم بھی بھرنا ہوگا۔