ملک میں ہر آٹھ منٹ میں ایک بچہ لاپتہ ہوتا ہے
کانگریس کے ٹی سبارامی ریڈی نے ملک کے مختلف حصوں سے بچوں کے لاپتہ ہونے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئےاس کی جانچ کےلئے اسپیشل سیل تشکیل دینے کا مطالبہ کیا۔
ریڈی نے راجیہ سبھا میں وقفہ صفر کے دوران کہا کہ ملک میں ہر آٹھ منٹ میں ایک بچہ لاپتہ ہورہاہے۔ دہلی میں تو ہر دن بچے لاپتہ ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر میں اس طرح کے واقعات سب سے زیادہ ہوتے ہیں۔ جسم فروشی کے لئے بھی بچوں کے لاپتہ ہونے کے واقعات ہورہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے اس سلسلے میں ہدایات جاری کی ہیں اور خواتین و اطفال کے فلاح وبہبود کی وزارت کی جانب سے بھی لاپتہ بچوں کے سلسلے میں کئی پروگرام چلائے جارہےہیں. اس کے باوجود بچوں کے لاپتہ ہونے کے واقعات ہورہےہیں۔ انہوں نے ایسے معاملوں کی جانچ کےلئے خصوصی سیل بنانے کا مطالبہ کیا۔