ملک میں لگاتار چھ دن تک کورونا کو مات دینے والے مریضوں کی تعداد کورونا وائرس کے نئے کیسز سے زائد رہنے کے بعد گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ان میں کمی درج کی گئی اور اسی عرصہ کے دوران جہاں 81،177 افراد شفایاب ہوئے، وہیں وائرس کے 86،052 مزید کیسز رپورٹ ہوئے، جس سے ایکٹیو کیسز میں 3،734 مریضوں کا اضافہ ہوا۔
جمعہ کو مرکزی وزارت صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس کے 86،052 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، جس سے کورونا متاثرین کی مجموعی تعداد 58،18،571 ہوگئی۔
اسی عرصے کے دوران 81،177 مریض صحت مند ہوچکے ہیں جس شفایاب ہونے والے کورونا مریضوں کی تعداد 47،56،165 ہوگئی۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایکٹیو کیسز کی تعداد 3734 سے بڑھ کر مجموعی تعداد 9،70،116 ہوگئی۔
اس سے قبل مسلسل چھ دن تک صحت مند افراد کی زیادہ تعداد کی وجہ سے فعال کیسز میں کمی واقع ہوئی تھی۔ فعال کیسز میں ہفتہ کو 3790، اتوار کو 3140، پیر کو 7525، منگل کو 27،438، بدھ کو 7،484 اور جمعرات کو 1،995 کمی آئی تھی۔
اسی عرصہ کے دوران ملک میں کورونا کے 1،141 مریض لقمہ اجل بن گئے جس سے جان لیوا وبا سے ہاتھ دھونے والوں کی مجموعی تعداد 92،290 ہوگئی۔
ملک میں سرگرم کیسز کی شرح 16.67 فیصد،اموات کی شرح 1.59 فیصد جبکہ کورونا سے شفایابی کی شرح 81.74 فیصد رہی۔
ملک میں کورونا وائرس سے سب زیادہ متاثر ریاست مہاراشٹر ہے جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایکٹیو کیسز کی تعداد 1،521 سے بڑھ کر 2،75،404 ہوچکی ہے جبکہ مزید 459 اموات کے ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد 34،345 ہوگئی ہے۔ اسی مدت کے دوران 17،184 افراد شفایاب ہوئے، جس سے صحت مند افراد کی مجموعی تعداد 9،73،214 ہوگئی۔
ملک کی جنوبی ریاست کرناٹک میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا مریضوں کی تعداد میں 897 کا اضافہ ہوا ہے جس سے ریاست میں اب 95،568 فعال کیسز ہیں۔ ریاست میں اموات کی تعداد 8،331 ہوچکی ہے جبکہ اب تک 4،44،658 افراد شفایاب ہوئے ہیں۔
ریاست آندھرا پردیش میں اسی عرصہ میں 1،004 کی کمی کے ساتھ فعال کیسز کی تعداد 69،353 رہ گئی۔ ریاست میں اب تک 5558 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ 5،79،474 مریض شفایاب ہوئے ہیں۔
آبادی کے لحاظ سے ملک کی سب سے بڑی ریاست اتر پردیش میں اسی عرصہ کے دوران 398 مریض کم ہوئے ہیں جس کے نتیجے میں اس ریاست میں فعال کیسز 61،300 رہ گئے ہیں جبکہ اب تک 5،366 افراد ہلاک اورجان لیوا وبا سے 3،07،611 مریض شفایاب ہوئے ہیں۔