ڈائرکٹر ڈاکٹر شیخ عقیل احمد نے کہا کہ بہت سے طلبا جو اردو میڈیم سے تعلیم حاصل کرتے ہیں اور وہ مستقبل میں ڈاکٹری کے شعبے میں جانا چاہتے ہیں تو انھیں نیٹ کے امتحانات کی تیاری میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے جنھیں دور کرنے کے لیے ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ کونسل کی جانب سے ایک ایسا جامع نصاب مرتب کیا جائے جو ’نیٹ‘ کی تیاری میں اردو طلبا کے لیے معاون ہو اور اس کی مدد سے وہ ان امتحانات میں کامیابی حاصل کرکے میڈکل کورسز میں داخلہ لے سکیں۔
انھوں نے کہاکہ قومی اردو کونسل نہ صرف اردو زبان و ادب کے فروغ کے لیے مختلف قسم کی سرگرمیاں انجام دیتی ہے بلکہ اس کا ایک خاص مقصد یہ بھی ہے کہ اردو طلبا کو جدید تکنیکی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے ساتھ اردو زبان و ادب کے علاوہ ان کی خواہش کے مطابق دیگر علمی شعبوں میں بھی ان کی رہنمائی کی جائے اور اس سلسلے میں ان کی ہر قسم کی علمی وعملی مدد کی جائے تاکہ ان کا مستقبل روشن و محفوظ ہوسکے اور وہ قوم وملک کے لیے زیادہ سے زیادہ مفید و کار آمد ثابت ہوسکیں۔ اسی مقصد کے پیش نظر کونسل کی جانب سے اردو کے علاوہ عربی،فارسی،خطاطی اور کمپیوٹرکے مختلف کورسز کروائے جاتے ہیں اور اب ہم طلبا کی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے کونسل کی جانب سے ’نیٹ‘کی تیاری کے لیے بھی کتابیں شائع کرنے کا منصوبہ بنارہے ہیں۔