نیشنل کانفرنس کے 15 رکنی وفد نے فاروق عبداللہ سے ملاقات کی اس کے بعد فاروق عبداللہ اور ان کی اہلیہ مولی نے گھر سے باہر صحافیوں کے ساتھ ہاتھ لہرایا اور جیت کا نشان بتایا۔
نیشنل کانفرنس کے جموں کے صوبائی صدر دویندر رانا کی قیادت میں سابق ممبران قانون سازیہ کا 15 رکنی وفد اتوار کی صبح سرینگر وارد ہوا اور براہ راست گپکار روڑ پر واقع ہری نواس گیسٹ ہاؤس گیا جہاں انہوں نے عمر عبداللہ سے ملاقات کی۔
اسکے بعد وفد فاروق عبداللہ کی رہائش گاہ پر پہنچا جہاں وہ گزشتہ دو ماہ سے نظر بند ہیں۔
وفد کی آمد پر فاروق عبداللہ اپنی اہلیہ مولی کے ہمراہ گھر سے باہر نکلے اور انکا استقبال کیا۔ انہوں نے مسکراتے ہوئے میڈیا نمائندوں کی طرف ہاتھ ہلایا اور انگلیوں سے فتح کا نشان بنایا۔ فاروق عبداللہ وفد کے کئی ارکان سے بغلگیر ہوئے۔
یہ پہلا موقعہ ہے کہ قریب ترین رشتہ داروں کے سوا انتظامیہ نے کسی پارٹی لیڈر کو فاروق عبداللہ سے ملاقات کی اجازت دی۔حکام نے سینئر عبداللہ کو پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت نظر بند کیا ہے۔ اس قانون کے تحت کسی بھی شخص کو چھ ماہ تک بغیر مقدمہ چلائے قید میں رکھا جاسکتا ہے۔