نریندر مودی نے ریلی کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 'انہوں نے وعدہ کیا تھا کہ وہ جموں و کشمیر اور لداخ کے مسائل کا حل نکالیں گے۔'
انہوں نے کہا کہ 'وہ یقین کے ساتھ کہہ سکتے ہیں کہ ملک ان کے خواب کو پورا کرنے کی سمت چل پڑا ہے۔ جموں و کشمیر میں بھارتی آئین کو لاگو کرنا محض حکومت کا فیصلہ نہیں ہے بلکہ 130 کروڑ بھارتیوں کی مرضی تھی۔'
انہوں نے کہا کہ 'یہ فیصلہ جموں و کشمیر اور لداخ کے لوگوں کو تشدد، علیحدگی پسندی اور ڈر کے ماحول سے باہر نکالنے کے لیے ہے۔ یہ فیصلہ بھارت کی سالمیت کے لیے ہے۔ یہ ان کا عزم تو تھا ہی جموں و کشمیر کے لوگوں کے خوابوں کو پورا کرنے کا راستہ بھی بننے والا ہے۔'
ریلی کو خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ 'نعرہ لگانا ہے اور کشمیر اپنا بنانا ہے۔ کل تک وہ کہتے تھے کہ کشمیر ہمارا ہے۔ اب بھارت کہے گا کہ ہمیں نیا کشمیر بنانا ہے۔ وہاں ایک بار پھر سے نئی جنت بنانا ہے۔ ہر کشمیری کو گلے لکانا ہے'۔
انہوں نے کہا کہ 'جس زمین پر 42 ہزار لوگوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا، جو زمین خون سے رنگ دی گئی، اب 130 کروڑ بھارتیوں کا منصوبہ ہے کہ وہاں پھر ایک بار جنت بنا کر رہیں گے'۔
نریندر مودی نے لوگوں سے پوچھا کہ 'کیا وہ کشمیر کی بھلائی کے لیے آگے آئیں گے؟ وہاں کے لوگوں کی بھلائی کے لیے آگے آئیں گے؟ ان کے گاؤں کو ٹھیک کرنے کے لیے آگے آئیں گے؟'