مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ہریانہ میں بی جے پی کی حکومت سازی کے سلسلے میں آدھی رات کے بعد اپنے گھر پارٹی کے قومی ایگزیکٹو صدر جے پی نڈا کے ساتھ میٹنگ کی۔
میٹنگ میں جے پی نڈا کے علاوہ ہریانہ بی جے پی کے انچارج انل جین اور پارٹی کے رہنما بی اے سنتوش بھی موجود تھے۔
اس میٹنگ میں شرکت سے قبل جے پی نڈا نے ہریانہ کے آزاد نو منتخب رکن اسمبلی گوپال کانڈا سے ملاقات کر چکے تھے۔
اطلاعات کے مطابق ہریانہ کے وزیراعلی منوہر لال کھٹر آج گورنر سے ملاقات کرکے اپنا استعفی دیں گے۔
منوہر لال کھٹر استعفی دینے کے فورا بعد دہلی کے لیے روانہ ہوں گے، جہاں وہ آزاد نومنتخب اراکین اسمبلی اور مرکزی رہنماؤں سے ملاقات کریں گے۔
دراصل ہریانہ کے اسمبلی انتخابات میں کسی بھی جماعت کو حکومت سازی کے لیے واضح اکثریت نہیں ملی ہے۔ ہریانہ کی کل 90 سیٹوں میں حکومت سازی کے لیے 46 سیٹیں درکار ہیں۔
ہریانہ کی نوے اسمبلی نشستوں میں 40 بی جے پی، 30 کانگریس، اور 10 جے جے پی کے حصے میں آئی ہیں اور باقی دیگر کو ملی ہیں۔