مفتی بنارس مولانا عبدالباطن نعمانی نے'ارکان و احکام برائے مسلمین' کےرسم اجراء کے موقع پر اپنے خطاب میں فرمایا کہ 'ہمیں اپنی زندگی کو سیرت مصطفی کے طرز پر گزارنا چاہیے، تبھی ہمیں کامیابی حاصل ہوسکتی ہے۔
آج ہم لوگ مختلف مسائل کا شکار ہیں،ہمارا شیرازہ منتشر ہے اور ہم سب خود پر نگاہ ڈالنے کے بجائے دوسروں کو دوش دیتے ہیں۔ جب تک ہم لوگ اپنی اصلاح نہیں کر لیتے اور سنت نبوی کی روشنی میں زندگی نہیں گزارتے ہمیں سکون حاصل نہیں ہونے والا'۔
مذکورہ کتاب کے مولف اشفاق احمد غازی پوری ہیں جنھوں نے اپنے آپ کو قرآنی کام کرنے کے لیے وقف کردیا ہے جس کی وجہ سےانہیں قرآنی بابا کے نام سے موسوم کیا جا تا ہے۔
پروگرام کا انعقاد مسجد پاکڑ تلے محلہ محمد شہید بنارس میں کیا گیااور پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ رسم اجرا حضرت مولانا مفتی عبدالباطن صاحب نعمانی کے دست مبارک سے ہوئی۔
بزم کی صدارت حضرت مولاناخورشید انور صاحب صدر مدرس جامعہ مظہر العلوم نے فرمائی۔انھوں نے اپنی صدارتی تقریر میں اشفاق احمد غازی پوری کی اس کاوش کو سراہا اور کہا کہ اللہ کا آپ پر احسان ہے کہ اللہ نے آپ کو اس مبارک اور بابرکت کام کے لیے منتخب کیا۔ انھوں مولف کی حوصلہ افزائی کی۔