ناظم ندوۃ العلماء وصدر مسلم پرسنل لاء بورڈ مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی نےکہا مسلمانوں کو موجودہ حالات سے ڈرنے اور گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ مسلمانوں کی تاریخ بڑی سبق آموز ہے جب وہ پڑھیں گے ان کو اطمینان ہوگا کہ انہیں ہٹایا اور مٹایا نہیں جا سکتا، مسلمانوں کے پاس میڈیا تو کم ہے مگر مسلمانوں کی سماجی زندگی خود میڈیا ہے۔ اعمال،حسن اخلاق، طریقہ زندگی، معاملات یہ سب مسلمانوں کا میڈیا ہے۔ اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ مسلمانوں کو کچل دیا جائے گا تو وہ صحیح نہیں سمجھتا اسے تاریخ سے واقفیت نہیں ہے۔
مولانا نےکہا کہ مسلمان بھارت میں صدیوں سے رہتے آئے ہیں، اس دوران مسلمانوں کو بہت مشکل حالات سے بھی گزرنا پڑا ہے، ایسے بھی حالات آئے کہ لوگ سمجھنے لگے مسلمان اب اس ملک میں نہیں رہیں گے مگر مسلمانوں کی خصوصیت یہ ہے کہ مشکل حالات میں بھی اپنے بس میں جو ہوتا ہے وہ کر گزرتے ہیں۔ اور اللہ نے مسلمانوں کو جو شریعت دی ہے اس میں زندگی کے ہر شعبہ کے مسائل کا حل موجود ہے، اور مسلمان جب وہ حل اختیار کرتے ہیں تو اللہ تعالی کی طرف سے حفاظت ہوتی ہے اور مشکل حالات میں مسلمان جی لیتے ہیں۔