کونسلر کا الیکشن جیتنے کے ساتھ اپنے سیاسی سفر کا آغاز کرنے والے کانگریس کے آنجہانی سینئر رہنما موتی لال وورا زمین سے جڑے ہوئے لیڈر تھے۔ وہ دو با ر غیرمنقسم مدھیہ پردیش کے وزیراعلی، اترپردیش کے گورنر اور کئی بار مرکزی وزیر کے عہدہ پر رہے۔
موتی لال وورا کی پیدائش 20 دسمبر 1928 کو راجستھان کے ناگور میں ہوئی تھی۔ ان کا کنبہ چھتیس گڑھ کے درگ میں رہتا ہے۔ پہلی بار 1968 میں انہوں نے درگ میونسپل کارپوریشن کے کونسلر کا الیکشن لڑا اور کامیابی حاصل کرکے اپنے سیاسی سفر کا آغاز کیا۔ اس سے پہلے انہوں نے کچھ وقت صحافت بھی کی۔
موتی لال وورا شروع میں سماج وادی رہنما تھے بعد میں وہ کانگریس میں شامل ہوئے اور پہلی بار 1972 میں مدھیہ پردیش کے رکن اسمبلی منتخب ہوئے۔
موتی لال وورا اس کے بعد مسلسل 1977 اور 1980 میں رکن اسمبلی منتخب ہوئے۔ پہلی بار ارجن سنگھ کابینہ میں وہ کابینی وزیر بنے۔ ارجن سنگھ کو 1985 میں پنجاب کا اچانک گورنر بنائے جانے کے بعد وہ 13 مارچ 1985 مرں پہلی بار مدھیہ پردیش کے وزیراعلی بنے۔ اس عہدہ پر وہ 13 فروری 1988 تک رہے۔ اس کے اگلے دن وہ راجیو گاندھی کابینہ میں صحت اور شہری ہوابازی کے وزیر بن گئے۔