وزارت خارجہ کے ترجمان انوراگ شریواستو نے پریس کانفرنس میں کہا کہ '11 جون سے شروع ہوئے 'وندے بھارت مشن' کے تیسرے مرحلے میں 550 پروازیں اور 191 فیڈر پروازیں ہوں گی۔ 41 ممالک کے 55 ایئر پورٹس سے پروازیں بھارت کے 21 ایئر پورٹس پر آئیں گی جن کی تفصیل مشن کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 'سات مئی کو شروع ہوئے اس مشن کے تحت اب تک دو لاکھ 50 ہزار 87 لوگ مختلف ممالک سے واپس بھارت آچکے ہیں جن میں سے 21 فیصد تارکین وطن کارکن ہیں۔ 75 ہزار سے زائد افراد نیپال، بھوٹان اور بنگلہ دیش کی سڑک پر واقع امیگریشن چوکیوں کے ذریعے واپس آئے ہیں۔ چارٹرڈ طیاروں سے بھی 57 ہزار سے زائد شہری واپس آئے ہیں۔