ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے مطابق یوروپ کی صورتحال چین سے بھی بدتر ہے۔
امریکہ میں کورونا وائرس سے مزید 8 ہلاکتوں کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 49 ہو گئی ہے جبکہ بیماروں کی تعداد 2269 ہو گئی ہے۔
اس صورت حال میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکہ میں ہنگامی حالت نافذ کر دی ہے، جبکہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے مزید امدادی کاموں کے لئے 50 ارب ڈالر مختص کئے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے یوروپ کے بعد برطانیہ سے بھی لوگوں کے سفر پر پابندیاں عائد کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔
اٹلی میں کورونا وائرس سے ایک ہی روزمیں ڈھائی سو افراد موت کے منہ میں پہنچ گئے، جبکہ اسپین میں 47، فرانس میں 18 ہلاکتیں ہوئی ہیں اور مزید 8 سو کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
سوئٹزر لینڈ میں 4، نیدر لینڈ(ہالینڈ) میں 5 کورونا وائرس کے مریضوں کا انتقال ہوا ہے۔ ڈنمارک اور پولینڈ نے سیاحوں کی آمد پر پابندی لگا دی ہے، جبکہ تعلیمی ادارے اور دکانیں بند کر دی گئی ہیں۔
اسکاٹ لینڈ میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت ہوئی ہے جس کے بعد برطانیہ میں کورونا سے اموات کی تعداد 11 ہو گئی ہے جب کہ ایک ہی روز میں 202 کیس سامنے آئے ہیں جن میں ایسا نومولود بھی شامل ہے جس کی والدہ نمونیہ کے مشتبہ کیس میں اسپتال لائی گئی تھیں۔