راہل گاندھی نے کانگریس کے 135 ویں یوم تاسیس کے موقع پر پارٹی ہیڈکوارٹر میں منعقد پرچم کشائی کی تقریب کے دوران کہا کہ مسٹر مودی حراستی کیمپ کے سلسلے میں جھوٹ بول رہے ہیں، اس کا بین ثبوت حال ہی میں جاری ایک ویڈیو ہے۔ مسٹر گاندھی نے یہ ویڈیو اپنے ٹویٹر ہینڈل پر پوسٹ کیا ہے جس میں آسام میں زیر تعمیر ایک حراستی کیمپ کو دکھایا گیا ہے۔
'مودی حراستی کیمپوں کے سلسلے میں جھوٹ بول رہے ہیں' بھارتیہ جنتا پارٹی نے مسٹر گاندھی کو اس برس کا سب سے بڑا جھوٹا شخص بتایا ہے جس کا جواب دیتے ہوئے مسٹر گاندھی نے کہا "مسٹر مودی نے اپنی تقریر میں کہا تھا کہ بھارت میں کہیں کوئی حراستی کیمپ نہیں ہے۔اس کے بعد میں نے ٹویٹ کیا اور آپ سب نے اس ویڈیو کو دیکھا ہے۔ یہ حراستی کیمپ کا ویڈیو ہے۔ اسے دیکھ کر آپ ہی طے کریں کہ جھوٹ کون بول رہا ہے۔
راہل گاندھی نے شہریت ترمیمی قانون کے سلسلے میں مسٹر مودی کو نشانہ بنایا اور اسے نوٹ بندي سے بھی زیادہ خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے غریبوں کو بہت نقصان ہوگا۔ مودی حکومت کے اس فیصلے کا فائدہ صرف مسٹر مودی کے 15 قریبی کاروباری دوستوں کو ملے گا۔
مزید پرھیں: حکومت مخالف مظاہروں میں رنگوں کی آواز
انہوں نے کہا یہ پورا تماشا چل رہا ہے اور یہ نوٹ بندي 2 ہے۔ اس سے غریبوں کو زبردست نقصان ہوگا۔ غریب نوٹ بندي بھول جائے گا کیونکہ اس سے اس کو نوٹ بندي سے دوگنا دھچکا لگنے والا ہے۔اس میں ملک کے ہر غریب سے کہا جائے گا کہ آپ بھارتی ہیں یا نہیں اس کا ہاں یا نہ میں جواب دو لیکن ان 15 دوستوں کو کوئی دستاویز نہیں دکھانا پڑے گا۔ دوسرا سارا کا سارا پیسہ مسٹر مودی کے ان 15 دوستوں کی جیب میں جائے گا۔