تاہم لوگوں کو در پیش مشکلات کو ذہن میں رکھتے ہوئے کچھ سرگرمیوں کو 20 اپریل سے شروع کرنے کی اجازت دی جائے گی۔
نظر ثانی شدہ ہدایات ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی جانب سے ہاٹ سپاٹ قرار دیے گئے علاقوں میں لاگو نہیں ہوں گی۔
وزارت داخلہ نے بدھ کو ایک حکم نامہ جاری کر کے کہا ہے کہ کوروناوائرس کے سبب ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ 2005 کے تحت گزشتہ 14 اپریل تک نافذ شدہ تمام ہدایات کی مدت میں آئندہ تین مئی تک توسیع کی جارہی ہے، ہدایات میں تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر ِ انتظام علاقوں کے ساتھ ساتھ مرکزی وزارتوں اور محکموں سے ان ہدایات پر مکمل طور پر عمل درآمد کرنے کو کہا گیا ہے۔
واضح ر ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کے روز قوم کے نام خطاب میں کورونا وبا کے بڑھتے قہر کے پیش نظر لاک ڈاؤن کی مدت میں تین مئی تک توسیع کرنے کا اعلان کیا تھا، لاک ڈاؤن کی پہلی مدت منگل کو ختم ہونی تھی، وزارت داخلہ نے ہدایات میں یہ بھی کہا ہے کہ 20 اپریل سے شروع کی جانے والی اضافی چنندہ سرگرمیوں کے بارے میں فیصلہ متعلقہ ریاستیں اور مرکز کے زیر انتظا م علاقے لیں گے، اس کا فیصلہ دیگر ہدایات پر عمل درآمد کے جائز ہ کی بنیاد پر کیا جائے گا، انہیں شروع کرنے سے پہلے متعلقہ ریاستیں ہدایات کے مطابق تمام تیاری کریں گی۔
حکم نامہ میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ نظر ثانی شدہ ہدایات ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی جانب سے ہاٹ سپاٹ قرار دیے گئے علاقوں میں لاگو نہیں ہوں گی، ان علاقوں میں صرف اشیائے ضروری کو چھوڑ کر دیگر کسی بھی سرگرمی کی اجازت نہیں ہوگی اور دیگر کاموں کے لئے ان میں ٹرانسپورٹ پر مکمل طور پابندی رہے گی۔
ان علاقوں میں مرکزی وزارت برائے صحت اور خاندانی بہبود کی جانب سے اس سلسلے میں جاری کی گئی ہدایات پوری طرح لاگو کی جائیں گی، نئی ہدایات میں بھی لاک ڈاؤن کے دوران ملک بھر میں ریلوے، ہوائی، میٹرو اور دیگر پبلک ٹرانسپورٹ بند رہیں گے۔
جن چیزوں پر رہیں گی پابندیاں
- ٹیکسی، آٹو اور سائیکل رکشہ اور کیب سروس
- سنیما گھر، مال، شاپنگ كمپلیکس، جم، اسپورٹس کمپلیکس، پول، تفریحی پارک، بار اور تھیٹر
- مذہبی اجتماع کے انعقاد پر پابندی
- تعلیمی اور کوچنگ ادارے
- صنعتی اور کاروباری ادارے