سعودی عرب کے فرمانرواں شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اپنے ویڈیو خطاب میں کہا کہ
'ہم دنیا کی تاریخ کے ایک مشکل مرحلے سے گزر رہے ہیں۔ تاہم ہمیں پورا یقین ہے کہ اس کی سختی، تلخی اور مشکلات کے باوجود یہ مرحلہ ختم ہوجائے گا اور گزر جائے گا۔ قرآنی الفاظ کے مطابق بے شک ہر مشکل کے بعد آسانی ہے، درحقیقت مشکلات کے بعد ہی آسانی آتی ہے۔ یہ بحران تاریخ کا ایک حصہ بن جائے گا۔ جسے انسانیت کو سامنا ہے۔ اس سخت ترین لمحے کا مقابلہ کرتے ہوئے ہر انسان ثابت قدم رہے'۔
بتادیں کہ سعودی عرب نے تمام بین الاقوامی سفر پر پابندی عائد کرتے ہوئے اپنی تمام سرحدیں بند کردی ہیں۔
ویڈیو: سعودی عرب کے فرمانرواں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا ویڈیو خطاب حکومت نے پہلی بار دونوں مقدس مقامات مکۃ المکرمۃ اور مسجد نبویؐ میں بھی باجماعت نماز پر پابندی لگا دی ہے، جہاں لاکھوں فرزندان توحید عمرہ اور زیارت کے لیے جاتے ہیں۔
شاہ سلمان نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ
'اس مشکل مرحلے کے دوران آپ نے جس طاقت، استقامت اور عزم کا مظاہرہ کیا ہے۔ سرکاری ایجنسیوں کے ساتھ آپ کا پورا تعاون ملک کو مضبوط و محفوظ کرنے کی کوششوں کے لیے سب سے اہم کردار ادا کرنے والے عوامل ہیں۔ ہم نے صحت کو تحفظ فراہم کرنے کو ترجیح دی ہے۔ یہ ہمارے ملک کی اور پوری دنیا کی اولین ذمہ داری ہے'۔
انھوں نے کہا کہ 'لہذا میں یقین دلاتا ہوں کہ ہم اس مبارک سرزمین کے شہریوں اور رہائشیوں کے لئے ضروری ادویات، کھانا اور رہائشی ضروریات کی فراہمی کے سلسلے میں کوشاں ہے'۔
شاہ سلمان نے اپنے ویڈیو بیان میں موجودہ صورت حال کو 'دنیا کی تاریخ کا ایک مشکل ترین مرحلہ' قرار دیا ہے۔
انہوں نے یہ بھی یقین دہانی کرائی کہ رہائشیوں اور شہریوں کو ان کی تمام طبی سہولیات اور رہائش کی ضروریات دستیاب رہے گی۔
دنیا کے دیگر ممالک کے علاوہ سعودی عرب نے بھی جمعہ کے اوائل میں اعلان کیا ہے کہ وہ ہفتہ کی صبح سے شروع ہونے والے اگلے دو ہفتوں کے لئے گھریلو ہوائی سفر، بسوں، ٹیکسیوں اور ٹرینوں کو بند کردے گا۔
تاحال دنیا بھر میں 244،500 سے زیادہ افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور 10،000 سے زیادہ کی موت ہو چکی ہے۔ اس کے علاوہ خوش کن خبر یہ ہے کہ 86،000 سے زیادہ متاثرہ افراد صحت مند ہوئے ہیں، جن میں سے بیشتر چینی باشندے شامل ہیں۔
شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مزید کہا ہے کہ 'میں بہت ہی متفکر ہوں۔ اسی لئے میں نے یہ کہہ کر شروع کیا کہ ہم ایک مشکل مرحلے سے گزر رہے ہیں۔ اس وبائی مرض کی وجہ سے پوری دنیا متاثر ہے۔ میں آپ کو یہ بھی بتاؤں گا کہ آنے والا مرحلہ زیادہ سنگین ہوسکتا ہے۔ اس وبائی بیماری کے تیزی سے پھیلاؤ کا مقابلہ کرنا عالمی سطح پر اور بھی مشکل ہوگا'۔ لیکن ہمیں صبر و استقامت کے ساتھ اس مشکل ترین وقت کا مقابلہ کرنا ہوگا اور ہم اس میں کامیاب بھی ہوں گے'۔