اوم برلا نے حکام کو ہدایت دی کہ پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کے پیش نظر صحت حفاظت کے تعلق سے خصوصی چوکسی برتی جائے اور پارلیمنٹ کمپلکس میں بھی صحت جانچ کے لیے وسیع انتظامات کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ انفیکشن نہ پھیلے اور پارلیمنٹ چلے، اس کے لیے ماہرین کے مشوروں کے مطابق تیاری کی جائے گی اور پارلیمنٹ کمپلکس کے اندر وسیع سکیورٹی انتظامات کے ساتھ اجلاس چلے گا۔ تمام اراکین پارلیمان سے درخواست کی جائے گی کہ وہ اپنا کووڈ۔ 19 ٹیسٹ کرائیں۔
اوم برلا کی ہدایت کے مطابق کورونا انفیکشن سے بچاؤ کے تمام اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اس کے لیے پارلیمنٹ کے احاطہ اور پارلیمنٹ کی عمارت میں داخلہ کے وقت تھرمل گن اور تھرمل اسکینر سے درجہ حرارت کی جانچ کی جائے گی۔
اس کے علاوہ پارلیمنٹ کے کمپلکس میں سینی ٹائزیشن کا انتظام کیا جائے گا۔ پارلیمنٹ کمپلکس میں 40 جگہوں پر ٹچ لیس سینی ٹائزر لگائے جائیں گے اور ایمرجنسی میڈیکل ٹیم اور ایمبولنس کی سہولت رہے گی۔