اردو

urdu

ETV Bharat / bharat

'عالمی برادری مسلمانوں کے خلاف بڑھتی دہشت گردی کو روکنے میں اپنے ذمہ داری نبھائے' - نیوزی لینڈ دہشت گردانہ حملے میں مولانا بدرالدین اجمل شدید مذمت کی ہے

نیوزی لینڈ دہشت گردانہ حملے میں مولانا بدرالدین اجمل شدید مذمت کی ہے۔

فائل فوٹو

By

Published : Mar 17, 2019, 3:58 AM IST

آل انڈیا یونائیٹیڈ ڈیمو کریٹک فرنٹ کے قومی صدر و رکن پارلیمان مولانا بد رالدین اجمل قاسمی نے نیوزی لینڈ کے کرائسٹ چرچ نامی شہر کی دو مساجد میں معصوموں پرہوئے دہشت گردانہ حملہ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے مسلمانوں کے خلاف پنپنے والی نفرت و عداوت کا نتیجہ قرار دیا ہے۔

آج یہاں جاری کردہ ریلیز میں مولانا نے کہا کہ عین جمعہ کی نماز کے وقت مجرمین نے جس طرح مسجد جیسی مقدس جگہ میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کی ہے وہ دہشت گردی کی بد ترین مثال ہے جس میں کم از کم 49 لوگ شہید کر دیئے گئے اور بہت سے لوگ زخمی ہوئے۔

خبروں کے مطابق حملہ آوروں میں سے ایک آسٹریلین نژاد برنٹن ٹرنٹ نامی شخص نے ان تمام دردناک اور انسانیت کو شرمندہ کرنے والے واقعات کو باضابطہ سوشل میڈیا پر لائیو جاری کرکے اسلام اور مسلمانوں کے خلاف اپنی نفرت کا اظہار کیا ہے۔


انہوں نے کہاکہ اس سے پتہ چلتا ہے کہ انہوں نے اس وحشیانہ عمل کو پوری پلاننگ کے ساتھ انجام دیا ہے۔

مولانا نے کہا کہ اچھی بات ہے کہ نیو زی لینڈ کی وزیر اعظم نے بغیر کسی تاویل کے اس حملہ کو دہشت گردانہ حملہ قرار دیا ہے اور شہید ہونے والوں سے اپنی ہمدردی کا اظہار کیاہے،اور امید ہے کہ مجرمین کو سخت سزا دیکر نیو زی لینڈ سرکار اپنی ذمہ داری بھی نبھائے گی۔ مگر سوال یہ ہے کہ مسلمانوں کے خلاف ہونے والے دہشت گردانہ حملوں پر روک تھام کے لئے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی علمبردار تنظیمیں کھل کر بولنے میں کیوں جھجھک محسوس کرتی ہیں؟

کسی ایک کی غلطی کی وجہ سے پورے اسلام اور مسلمانوں کو دہشت گرد ثابت کرنے والی میڈیا مسلمانوں کے خلاف ہونے والے دہشت گردانہ حملہ کو دہشت گردی کہنے سے کیوں کتراتی ہے؟ کیوں وہ اس طرح کی سازش کی جڑ کو بے نقاب کرنے میں اپنا رول ادا نہیں کرتی ہے؟

مولانا نے کہا کہ جب تک تمام مجرمین کو اس کے جرم کی سنگینی کے اعتبار سے سزا نہیں ملے گی اس طرح کے حملہ ہوتے رہیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ مسلم ممالک کو بالخصوص اور پوری عالمی برادری کو بالعموم مسلمانوں کے خلاف ہونے والے دہشت گرادنہ حملہ کی روک تھام اور اسلام ومسلمانوں کے خلاف نفرت پھیلنانے والوں کے خلاف سخت کاروائی کے لئے اپنی ذمہ داری نبھانا ضروری ہے تاکہ اس طرح کا دل دہلا دینے والا واقعہ کو کوئی اور کرنے کی ہمت نہ کر سکے۔

انہوں نے مزیدکہا کہ وہ خط لکھ کر حکومت ہند سے بھی مطالبہ کرنے جارہے ہیں کہ وہ انصاف کا ساتھ دیتے ہوئے مجرمین کی سزا کو یقینی بنانے کے لئے اپنی آواز عالمی سطح پربلند کرے ۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details