تمل ناڈو کے مدورائی میں ضلعی انتظامیہ نے 120 نجی ہسپتالوں کو مبینہ طور پر بند رکھنے کے الزام میں نوٹس جاری کیا ہے۔ اس نوٹس میں انہیں کھلا رہنے اور کووڈ-19 بحران کے دوران مریضوں کی خدمات جاری رکھنے کے لیے کہا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق 15 جولائی کو ہونے والے ایک فیلڈ اسٹڈی کے دوران مدورائی میں 120 نجی ہسپتال بند پائے گئے تھے۔ جس کے بعد ضلعی انتظامیہ نے سب سے وضاحت پیش کرنے کو کہا ہے اور ان کے خلاف مناسب کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ تامل ناڈو میں مدورائی کورونا سے دوسرا سب سے زیادہ متاثر ضلع ہے۔ بستروں کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے اور طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے مختلف کالجز کو کووڈ۔19 کیئر سنٹر میں تبدیل کیا گیا ہے۔
اے آئی اے ڈی ایم کے کی جے للیتا اسمبلی اور اماں چیریٹیبل ٹرسٹ نے مدورائی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ایک بڑے باورچی خانے کا انتظام کیا ہے، جہاں دو ہزار افراد کے لئے کھانا تیار کرنے میں 150 افراد مصروف ہیں۔