ریاست اترپردیش کے شہر رامپور کے طلبہ کورونا وائرس وبا کے پیش نظر دینی و دیگر درسگاہوں کے بند ہونے کے سبب اپنے اپنے گھروں پر ہیں، حالانکہ لاک ڈاؤن کے بعد اب ان لاک ون اور ان لاک ٹو میں متعدد سرگرمیاں جاری ہیں ۔ لیکن تعلیمی ادارے ابھی اپنی اسی شکل میں بند ہیں۔ جس سے طلبہ کی تعلیم کافی متاثر ہو رہی ہے۔
وہیں دینی تعلیمی اداروں کے طلبہ بھی گھروں پر رہ کر ہی کسی نہ کسی طرح اپنے آپ کو تعلیم سے جوڑنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس تعلق سے رامپور کے مدرسہ اسلامیہ عربیہ فیض العلوم کے طالب علم محمد انس نے بتا یا کہ' وہ گھر پر رہ کر اپنی درسی کتب کا مطالعہ کرتے ہیں اور ضرورت پڑنے پر اپنے موبائل اور وہاٹس ایپ کے ذریعہ اساتذہ سے رابطہ کرکے اپنی علمی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے کی کوشش کرتے ہیں۔
رامپور کے ایک دوسرے طالب علم محمد اشہد جو کہ مرادآباد کے معروف تعلیمی ادارے مدرسہ شاہی سے تجوید کی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ اس دوران گھر پر زیادہ سے زیادہ اوقات اپنی تعلیم کو دے رہے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ کچھ وقت بچوں کو ناظرہ وغیرہ کی بھی تعلیم دیتے ہیں۔