چارہ بدعنوانی کے متنازعہ کیس میں سزا یافتہ بہار کے سابق وزیر اعلی لالو پرساد یادو کی ضمانت کی درخواست پر جھارکھنڈ ہائی کورٹ سے راحت نہیں ملی۔ ان کی ضمانت کی عرضی پر سماعت 27 نومبر تک ملتوی ہو گئی ہے۔
دمکا ٹریزری سے غیر قانونی طور پر نکاسی کیس میں سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے انھیں مجرم قرار دے کر سات برس کے قید کی سزا سنائی ہے۔ لالو کی طرف سے دی گئی درخواست میں بتایا گیا ہے کہ آدھی سزا پوری ہوچکی ہے لہذا انہیں ضمانت ملنی چاہیے۔ اس کے علاوہ انہوں نے اپنی بیماری کا بھی حوالہ دیا ہے۔ بیماری کی وجہ سے انہیں علاج کے لیے رمز میں داخل کرایا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بہار اسمبلی انتخابات 2020: نتیش کمار کا آخری الیکشن
اسی کے ساتھ ہی چائباسا ٹریزری سے بھی غیر قانونی نکاسی کیس کے لیے اپیل کی درخواست پر بھی سماعت تھی، اس سے قبل کی سماعت کے دوران عدالت نے جیل آئی جی اور سپرنٹنڈنٹ برسا منڈا سینٹرل جیل سے کہا تھا کہ وہ جیل دستی کی خلاف ورزی کی شکایت پر ایک تفصیلی رپورٹ پیش کریں، نیز ان کی صحت سے متعلق تفصیلی رپورٹ رمز انتظامیہ یا ان کے ڈاکٹروں کو پیش کرنے کو کہا تھا۔
خیال رہے کہ چارہ بدعنوانی کیس میں لالو پرساد کو دمکا ٹریزری سے غیر قانونی نکاسی کیس میں خصوصی سی بی آئی عدالت سے دو مقدمات میں سات برس کی سزا سنائی گئی ہے۔ لالو پرساد کو جھارکھنڈ میں چارہ بدعنوانی کے 5 مقدمات کا سامنا ہے، ان میں سے چار مقدمات میں سزا سنائی جاچکی ہے۔