مہاراشٹر کے امبرناتھ علاقے میں یومیہ مزدوری کرنے والے مزدور کورونا وائرس کی وباء کے بعد ملک گیر لاک ڈاون کے دوران کھانے پینے کی دشواریوں کے سبب اپنے آبائی وطن مدھیہ پردیش کے جھابوا پیدل جانے پر مجبور ہوگئے۔
لاک ڈاون کے دوران اب تک کی سب سے خوفناک تصویر ترقی یافتہ ریاست مہاراشٹر سے دیکھنے کو مل رہی ہے۔
ممبئی سے متصل شہر امبرناتھ علاقے میں یومیہ مزدوری کر اپنے اہل خانہ کی کفالت کرنے والے مزدوروں کے سامنے فاقہ کشی کرنے کی نوبت آگئی ہے جس کے سبب اب تمام مزدور پیدل اپنے آبائی وطن کوچ کرنے پر مجبور ہوگئے۔ یہ سفر 10 - 20 نہیں بلکہ تقریباً 550 کلومیٹر کا ہے۔
مہاراشٹر کے راستے گجرات ہوتے ہوئے مدھیہ پردیش تک جانے میں انہیں 15 دن سے زیادہ کا وقت لگ سکتا ہے۔ شاید انہیں اس بات کا اندازہ بھی نہیں ہے۔ 18 افراد پر مشتمل مزدوروں کے اس گروہ میں خواتین مرد اور معصوم بچے بھی شامل ہیں۔