وکرم امبالال سارا بھائی (پیدائش: 12 اگست 1919 / وفات: 30 دسمبر 1971) ایک عظیم، بے مثال اور عقبری طبعیات دان اور ماہر فلکیات تھے۔ انہوں نے بھارت میں خلائی تحقیق کو بڑے پیمانے پر فروغ دیا اور یہاں کی جوہری طاقت کو فروغ دینے میں مدد کی۔
آج اسرو کے بانی ڈاکٹر وکرم اے سارا بھائی کی 101 ویں یوم پیدائش کو سائنسدانوں، جدت پسندوں، صنعتکاروں اور محققین کی جانب سے بڑے پیمانے پر منایا جارہا ہے۔
ڈاکٹر وکرم امبالال سارا بھائی ایک عبقری اور ادارہ ساز شخصیت تھے۔ انہوں نے آزاد بھارت میں مختلف شعبوں سے متعلق بڑی تعداد میں اداروں کے قیام میں انتھک جدوجہد کی۔ احمد آباد میں فزیکل ریسرچ لیباریٹری (پی آر ایل) کے قیام میں انہوں نے اہم کردار ادا کیا۔
سارا بھائی کا خاندان ایک جین کاروباری خاندان تھا۔ ان کے والد امبالال سارا بھائی ایک متمول صنعتکار تھے اور گجرات میں کئی ملوں کے مالک تھے۔ امرکال اور سرلا دیوی کے آٹھ بچوں میں سے وکرم سارا بھائی ایک تھے۔
- عظیم شخصیات سے تعلقات اور استفادہ:
وہ مہاتما گاندھی، رابندر ناتھ ٹیگور، جے کرشنا مورتی، موتی لال نہرو، وی ایس شرینیسا شاستری، جواہر لال نہرو، سروجنی نائیڈو، مولانا آزاد، سی ایف اینڈریوز اور سی وی رامن جیسے مجاہدین آزادی اور رہنمایان قوم سے بہت متاثر تھے۔
وہ اکثر ان شخصیات کے یہاں آتے جاتے رہتے اور ان کی وکرم کے یہاں بھی آمد و رفت رہتی تھی۔ وہ ان کے ساتھ مختلف موضوعات پر بات چیت بھی کرتے، جس کی وجہ سے وکرم سارا بھائی کے اندر بھی علمی جستجو اور بڑے کام کرنے کا شوق پیدا ہوا۔
- تعلیم و تربیت:
وکرم سارا بھائی کو اپنے بہن بھائیوں کے ہمراہ گھر میں ہی ابتدائی تعلیم دی گئی جہاں ان کے والدین نے گھریلو لیباریٹریز میں علمی تجربات کے ذریعے سائنسی رحجان پیدا کیا۔
انہیں بچپن سے ہی ریاضی اور سائنس میں خصوصی دلچسپی تھی۔ سارا بھائی نے انٹرمیڈیٹ سائنس کا امتحان پاس کرنے کے بعد احمد آباد کے گجرات کالج سے میٹرک کیا۔