کیرالہ کے کوزی کوڈ میں ایئر انڈیا طیارہ حادثے میں اپنی جان گنوانے والوں کے اہل خانہ سے صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند، وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ، کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی سمیت ملک کے کئی اعلیٰ رہنماؤں نے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
صدر جمہوریہ نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ 'کیرالہ کے کوزی کوڈ میں ایئر انڈیا ایکسپریس کے دردناک طیارے کے حادثے کے بارے میں سن کر بہت افسوس ہوا۔ کیرالہ کے گورنر جناب عارف محمد خان سے بات کی اور صورتحال کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ میں حادثے سے متاثر مسافروں، کریو ممبروں اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔'
اس کے علاوہ وزیر اعظم نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ''کوزی کوڈ میں طیارہ حادثے سے غم زدہ ہوں۔ میں ان لوگوں کے ساتھ ہوں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا ہے۔ زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتا ہوں۔ کیرالہ کے وزیر اعلی پنرائی وجین جی سے بات کر صورتحال کا جائزہ لیا ہے۔ حکام موقع پر موجود ہیں، متاثرہ افراد کو ہر طرح کی مدد فراہم کررہے ہیں۔'
وزیر داخلہ امت شاہ نے اپنے غم کا اظہار اور راحتی کاموں کے متعلق جانکاری دیتے ہوئے لکھا کہ 'کیرالہ کے کوزی کوڈ میں ایئر انڈیا ایکسپریس طیارے کے المناک حادثے کے بارے میں جان کر پریشان ہوں۔ این ڈی آر ایف کو ہدایت کی ہے کہ وہ جلد سے جلد جائے وقوعہ پر پہنچیں اور امدادی کاموں میں مدد کریں۔'