کیرالا، ہماچل پردیش اور راجستھان میں مختلف مقامات پر بڑی تعداد میں پرندوں کی موت ہوئی ہے۔ مرنے والے پرندوں
میں ایچ 5 این 8 فلو پایا گیا ہے۔
برڈ فلو کی تصدیق کے بعد متاثرہ علاقوں میں مختلف نوعیت کی پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔
اب کیرالا میں ریاستی حکومت کی جانب سے ریاستی آفت کا اعلان کر دیا گیا ہے نیز ان اضلاع میں بھی ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے، جہاں پرندوں کی اموات زیادہ ہوئی ہیں۔
کیرالا میں برڈ فلو کے بعد 'ریاستی آفت' کا اعلان خیال رہے کہ نیدومودی، تھکازی، پالی پڈو، کرووتہ، الپوزا، کوٹئیم اور نینڈور و دیگر علاقوں میں پرندوں کی اموات زیادہ واقع ہوئی ہیں۔
کیرالا کے وزیر جنگلات کے راجو نے کہا کہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ریاستی حکومت کی جانب سے تمام حفاظتی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں تاکہ وائرس کا پھیلاؤ کم سے کم ہو۔
وزیر جنگلات نے مزید کہا کہ برڈ فلو سے انسانوں کو انفیکشن کی ابھی تک اطلاع نہیں ملی ہے، تاہم ابھی اس ضمن میں کوئی حتمی بات نہیں کی جا سکتی ہے۔
مزید پڑھیں:کورونا کے بعد اب برڈ فلو کی دستک، ایچ 5 این 8 کی تصدیق
انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لئے ایک ریپڈ رسپانس ٹیم متعین کی گئی ہے۔ اس وائرس سے تقریباً پانچ ہزار پرندوں کی ہلاکت کا امکان ہے۔
وزیر برائے جنگلات راجو نے کہا کہ پرندوں کی موت سے پولٹری اور پرندوں کے مالکان کو ہونے والے نقصان کی تلافی ریاستی حکومت کی جانب سے کی جائے گی۔