بی جے پی کے رہنما اور دہلی ماڈل ٹاؤن سے امیدوار کپل مشرا نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ 'کیجریوال ہنومان چالیسا پڑھنے لگے ہیں، ابھی تو اویسی بھی ہنومان چالیسا پڑھے گا، وہ آگے لکھتے ہیں کہ 'یہ ہمارے اتحاد کی طاقت ہے ایسے ہی ایک رہنا ہے، اکٹھا کرنا ہے ایک ہو کر ووٹ کرنا ہے'۔
کپل مشرا نے منگل کو اپنے ٹویٹ میں مزید لکھا کہ 'ہم سب کے اتحاد سے 20 فیصد والی ووٹ بینک کی گندی سیاست کی قبر کھد کر رہے گی'۔
یہ کوئی پہلا موقع نہیں ہے جب کپل مشرا نے متنازع بیان دیا ہو، گزشتہ روز بھی انہوں نے عام آدمی پارٹی پر نکتہ چینی کرتے ہوئے ایک ٹویٹ کیا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ 'عام آدمی پارٹی کا نیا نام مسلم لیگ ہونا چاہیے، عمر خالد، افضل گرو، برہان وانی اور دہشت گردوں کو اپنا باپ ماننے والوں کو یوگی آدتیہ ناتھ جی سے ڈر لگ رہا ہے۔'