پورے ملک میں جہاں ایک طرف لاک ڈاؤن جاری ہونے سے آمد و رفت، یومیہ بازار، ریسٹورنٹ، ہوٹل، مارکیٹ بند ہیں وہیں اس لاک ڈاؤن سے سب سے زیادہ متاثر یومیہ بازار ہوا ہے۔
اب لاک ڈاؤن میں مزید تین مئی تک توسیع ہونے سے ایک بار پھر تاجر مایوس نظر آرہے ہیں۔ تاجر حضرات کو امید تھی کہ 14 اپریل کے بعد لاک ڈاؤن میں کچھ چھوٹ دی جائے گی، لیکن 19 روز کے مزید لاک ڈاؤن نے انہیں مایوس کر دیا ہے۔
سیمانچل سرحد سے متصل نیپال ملک ہے۔ سرحد کے قریب ہی جوگبنی بازار ہے جہاں سے نیپال و سیمانچل کا خاصہ کاروبار چلتا ہے۔ مگر لاک ڈاؤن کی وجہ سے بھارت کے سرحد کو سیل کر دیا گیا ہے، جس کی وجہ سے جوگبنی بازار میں ویرانی چھائی ہوئی ہے۔
ملک نیپال سے لوگوں کی آمد و رفت بند ہے۔ سرحد پر ایس ایس بی فورس تعینات ہے تو نیپال سرحد پر نیپالی پولیس مستعد ہے۔ سرحد سے قریب کے سنسان علاقوں میں کوئی داخل ہونے کی کوشش کرتا ہے تو پولیس اہلکار انہیں ناکام کر دیتے ہیں۔ سرحد بند ہونے سے سب سے زیادہ متاثر ہندوستان کا کاروبار ہو رہا ہے۔
اطلاع کے مطابق لاک ڈاؤن کی وجہ سے اگر صرف جوگبنی بازار میں دو کروڑ سے زیادہ کا کاروبار ٹھپ ہے تو نیپال کے سرحدی بازاروں میں بھی یومیہ کم از کم ایک کروڑ روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔جوگبنی سرحد سیل ہونے اور بازار بند ہونے کا سب سے زیادہ خامیازہ یہاں کے مقامی دوکاندار کو ہو رہا ہے۔
جوگبنی کاروبار یونین کے نائب صدر منٹو بھگت کہتے ہیں کہ جوگبنی بازار سرحد پر ہونے کی وجہ سے دونوں ممالک کے لوگوں کا کاروبار چلتا تھا۔ یہاں روزانہ تقریبا دو کروڑ کا کاروبار ہوتا تھا مگر لاک ڈاؤن کے سبب بالکل ٹھپ ہو گیا ہے۔ اس بازار میں نیپال سے لوگ کپڑا سے لے کر راشن پانی تک کی خریداری کے لئے آتے ہیں۔ جوگبنی بازار کو بین الاقوامی سطح کا بازار بھی کہا جاتا ہے۔